ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایودھیا کیس: سبرامنیم سوامی سے بولے چیف جسٹس ، کل کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں رہیں موجود

ایودھیا کیس: سبرامنیم سوامی سے بولے چیف جسٹس ، کل کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں رہیں موجود

Mon, 25 Feb 2019 23:47:34    S.O. News Service

نئی دہلی، 25 فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ایودھیا میں رام جنم بھومی بابری مسجد تنازعہ کو لے کر سپریم کورٹ میں منگل کو سماعت ہونی ہے،سماعت سے پہلے چیف جسٹس رنجن گگوئی نے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کے لئے نیا حکم جاری کیا ہے۔چیف جسٹس کی جانب سے سوامی کو سماعت کے دوران کورٹ میں موجود رہنے کو کہا گیا ہے۔آپ کو بتا دیں کہ سبرامنیم سوامی نے ایودھیا میں پوجا کرنے کی اجازت مانگی تھی۔پیر کو سبرامنیم سوامی نے سپریم کورٹ میں اپنا کیس ذکر کیا، جہاں انہوں نے کہا کہ انہیں ایودھیا میں موجود رام جنم بھومی میں پوجا کا حق ہے،جس پر چیف جسٹس نے انہیں منگل کو ہونے والی سماعت میں موجود رہنے کو کہا۔

غور طلب ہے کہ اس سے پہلے بھی سبرامنیم سوامی ایودھیا مسئلہ پر جلد سماعت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے عرضی دائر کر چکے ہیں، جس پر سپریم کورٹ سے انہیں ڈانٹ بھی لگی تھی،تب کورٹ نے تبصرہ کیا تھا کہ وہ معاملے میں فریق نہیں ہیں، لہذا اس طرح کی اپیل نہ کریں۔سپریم کورٹ میں اس مسئلے کی سماعت گزشتہ کافی عرصے سے چل رہی ہے، پچھلی بار (29 جنوری) کو جسٹس ایس اے بوبڈے کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے سماعت نہیں ہو پائی تھی،ابھی 26 فروری کو چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت میں کیس کی سماعت ہو گی،پانچ ججوں کی بنچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس ایس اے بووڈے، جسٹس اشوک بھوشن، جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس عبدالنذیر شامل ہیں۔

سپریم کورٹ میں ایودھیا کی 2.77 ایکڑ زمین تنازعہ سے متعلق معاملے میں کل 14 اپیلیں دائر کی گئی ہیں،یہ تمام اپیلیں 30 ستمبر، 2010 کو الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہیں۔الہ آباد ہائی کورٹ نے 2010 میں متنازعہ زمین کو سنی وقف بورڈ، نرموہی اکھاڑا اور رام للا براجمان کے درمیان برابر تقسیم کا حکم دیا تھا۔


Share: